Programs
✏️ مفتی احمد بن محمد ارشد خان
امام و خطیب شہاب مسجد بٹلہ ہاؤس اوکھلا نئ دہلی
مؤرخہ 14 فروری 2021 بعد نماز مغرب انڈیا اسلامک کلچرل سینٹر کے وسیع و عریض ہال میں تنظیم ابنائے قدیم دار العلوم دیوبند کے بینر تلے *موجودہ حالات میں ہماری ذمہ داریاں اور لائحہ عمل* کے عنوان کے تحت عالی جناب ڈاکٹر سید فاروق صاحب کی صدارت میں عظیم الشان پروگرام منعقد ہوا جس میں مقرر خصوصی کے طور پر *حضرت مولانا خلیل الرحمٰن سجاد نعمانی* صاحب مدعو تھے
پروگرام کا آغاز ذاکر نگر جامع مسجد کے امام و خطیب *مولانا شمیم صاحب* کی پرنور تلاوت سے ہوا اور حافظ عظیم صاحب نے بارگاہِ رسالت مآب صلی اللہ علیہ وسلم کی شان اقدس میں گلہائے عقیدت پیش کئے
اس کے بعد تنظیم کے کار گزار ناظم عمومی *مولانا مزمل الحق الحسینی نے *تنظیم ابنائے قدیم* کا مختصر تعارف پیش کیا اس کے بعد مقرر خصوصی مولانا سجاد صاحب نعمانی نے مقررہ عنوان پر تقریباً دو گھنٹہ مفصل خطاب کیا جس میں حضرت نے ارشاد فرمایا کہ حق و باطل اور نور و ظلمت کا تصادم ابتداء آفرینش سے جاری ہے اور اب یہ جنگ فیصلہ کن مرحلہ میں داخل ہوچکی ہے اور اس معرکہ ایمان و کفر کا اختتام قوم مسلم کی عظمت رفتہ کی بحالی اور مسلم قیادت پر ہوگا *ذلک لمن خاف مقامی و خاف وعید*
اور *قال الذین کفروا لرسلھم* کا حوالہ دیتے ہوئے فرمایا کہ آج بھی قوم مسلم سے وہی مطالبہ ہے جو صدیوں قبل دیگر انبیاء کرام کی قوموں سے کیا گیا تھا کہ تم اپنا مذہب چھوڑ کر ہمارا مذہب اور دھرم قبول کرلو تو تم ہمارے ملک میں امن کے ساتھ رہ سکتے ہو ورنہ تم کو اس علاقہ اور وطن سے نکال دیا جائیگا
حضرت نے مسلمانوں کو اپنے تئیں انصاف قائم کرنے پر زور دیا اور بطور خاص قصہ یوسف سے موجودہ حالات و حکومت کا موازنہ کرتے ہوئے برادران وطن کے ساتھ حسن سلوک کرنے اور غربت و پریشانی میں تعاون کی تلقین کی تاکہ اسلام کا صحیح اور سچا تعارف ان تک پہنچ سکیں
مولانا عبد اللہ طارق صاحب کی پرسوز و مستجاب دعا پر اجلاس کا اختتام ہوا
پروگرام میں دہلی کے مختلف علاقوں سے علماء کرام، ائمہ عظام،سماجی کارکنان اور اصحابِ فکر و نظر نے شرکت کی
Comments
Post a Comment